مصنوعی مٹھاس بولنے کی صلاحیت میں کمی کی رفتار کو بڑھا سکتی ہے، تحقیق

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق چینی کے استعمال سے میٹابولک بیماریوں کے خطرات میں اضافے کے بارے میں آگاہی بڑھنے کے ساتھ مشروبات، اسنیکس اور میٹھے پکوانوں میں چینی کے متبادل کے طور پر مصنوعی مٹھاس کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ 

مصنوعی مٹھاس میں سکرین اور ایسپارٹیم جیسے مصنوعی اجزا کے علاوہ کاربوہائیڈریٹس پر مبنی مٹھاس، مثلاً اریتھریٹول اور سوربیٹول بھی شامل ہیں۔ اگرچہ مصنوعی مٹھاس میں کیلوریز نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں، اس لیے توقع کی جاتی تھی کہ ان سے میٹابولک بیماریوں کے خطرات کم ہوں گے۔

تاہم مختلف تحقیق میں ان کا تعلق ذیابیطس، امراض قلب، کینسر، ڈپریشن اور ڈیمنشیا سے بھی منسلک پایا گیا ہے۔ اسی تناظر میں امریکن اکیڈمی آف نیورولوجی کے جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں مصنوعی مٹھاس کے دماغی صلاحیتوں پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں 35 سے 72 سال کی عمر کے 12 ہزار 772 برازیلین (جنوبی امریکی ملک) شہریوں کو شامل کیا گیا۔ محققین نے ان کی غذائی عادات کا جائزہ لینے کے بعد مصنوعی مٹھاس کے روزانہ استعمال کی مقدار کا حساب لگایا۔ اوسطاً آٹھ سال تک جاری رہنے والی اس تحقیق کے دوران ہر چار سال بعد شرکا کی ذہنی اور دماغی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج کے مطابق شرکا روزانہ اوسطاً 92 ملی گرام مصنوعی مٹھاس استعمال کر رہے تھے۔ 60 سال سے کم عمر افراد میں مصنوعی مٹھاس کا زیادہ استعمال کرنے والے گروپ میں الفاظ کے روانی سے استعمال کی صلاحیت میں کمی کی رفتار کم استعمال کرنے والے گروپ کے مقابلے میں 173 فیصد زیادہ جبکہ مجموعی دماغی صلاحیت میں کمی کی رفتار 63 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

ذیابیطس کے مریضوں میں یادداشت اور مجموعی دماغی صلاحیتوں میں کمی کی رفتار اس سے بھی زیادہ دیکھی گئی، تاہم 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں دماغی صلاحیتوں میں نمایاں کمی کے شواہد نہیں ملے۔

محققین کے مطابق خدشہ ہے کہ مصنوعی مٹھاس جسم میں تحلیل ہونے کے دوران ایسے مادے پیدا کر سکتی ہے جو دماغ کے لیے زہریلے ثابت ہوں اور ہپوکیمپس جیسے دماغی حصوں میں سوزش کا باعث بنیں۔ ہپوکیمپس دماغ کا وہ اہم حصہ ہے جو یادداشت اور دیگر ذہنی صلاحیتوں میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ 

اس کے علاوہ مصنوعی مٹھاس آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا کے توازن کو بھی متاثر کر سکتی ہے، جس سے دماغی کارکردگی مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تحقیق کے مطابق درمیانی عمر کے افراد کو مصنوعی مٹھاس کا غیر محتاط استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ جبکہ ایسی پراسیس شدہ غذاؤں کا استعمال کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جن میں مصنوعی مٹھاس کی مقدار زیادہ ہو۔