ہنگری میں پاکستان کی سیاحت متعارف، بوڈاپسٹ میں ’ڈسکور پاکستان‘ کی پہلی تقریب

—جنگ فوٹو 

ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں پاکستان کو سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کروانے کے لیے پہلی خصوصی تقریب ’ڈِسکَور پاکستان‘ کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا اہتمام سفارتخانہ پاکستان نے ترکش ایئرلائنز کے تعاون سے پاکستان ہاؤس میں کیا جس میں ہنگری کی معروف ٹریول ایجنسیوں اور ٹور آپریٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کا افتتاح سفیر پاکستان آصف حسین میمن نے کیا جبکہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اتاشی شہریار قیصرانی نے پاکستان کی سیاحتی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ 

اس موقع پر پاکستان کے بلند پہاڑی سلسلوں، دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، قراقرم اور ہنزہ، سکردو اور سوات کی خوبصورت وادیوں کو اجاگر کیا گیا، لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو بھی نمایاں کیا گیا۔

ترکش ایئر لائنز کے نمائندوں نے شرکاء کو استنبول کے راستے پاکستان کے لیے فضائی سفری سہولتوں اور رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

تقریب میں ہنگری کے معروف کوہ پیما ڈیوڈ کلائن نے بھی شرکت کی جو پاکستان کی 8 ہزار میٹر سے بلند 5 چوٹیوں میں سے 4 کو اضافی آکسیجن کے بغیر سر کر چکے ہیں اور اب تک 14 مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر قرعہ اندازی کے ذریعے ترکش ایئر لائنز کی جانب سے پاکستان کا ایک مفت فضائی ٹکٹ بھی انعام میں دیا گیا جبکہ شرکاء کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

سفارتخانہ پاکستان کے مطابق یہ تقریب ہنگری کی سیاحتی مارکیٹ میں پاکستان کے قدرتی حسن، پہاڑی سیاحت، تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کو متعارف کروانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

اس اقدام سے پاکستان اور ہنگری کے درمیان سیاحت، عوامی روابط اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔