بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں نے پورٹ فولیو شوٹ کے لیے اپنی والدہ سے 10 ہزار روپے قرض لیے تھے۔
دیپیکا پڈوکون کا شمار آج بالی ووڈ کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، ہالی ووڈ فلم ’ایکس ایکس ایکس: ریٹرن آف زینڈر کیج‘ سے عالمی سطح پر پہچان حاصل کرنے کے بعد وہ امریکی میزبان ایلن ڈی جینیرس کے معروف شو میں بھی شریک ہوئی تھیں۔
شو کے دوران اپنے ابتدائی کیریئر کا ذکر کرتے ہوئے دیپیکا نے بتایا ہے کہ میں نے ماڈلنگ پورٹ فولیو بنوانے کے لیے اپنی والدہ سے 10 ہزار روپے ادھار لیے تھے، اس موقع پر میں نے والدہ سے وعدہ کیا تھا کہ میں یہ رقم واپس کروں گی اور انہیں اپنے کام سے فخر محسوس کراؤں گی۔
گفتگو کے دوران دیپیکا نے اپنے والد پرکاش پڈوکون کے بیڈمنٹن کیریئر کے بارے میں بھی بات کی۔
ان کا کہنا ہے کہ جس دور میں بھارت میں پیشہ ورانہ سطح پر بیڈمنٹن کھیلنے کا رجحان عام نہیں تھا، اس وقت میرے والد اس کھیل سے وابستہ تھے، وہ ایک کھلاڑی تھے، تاہم اس زمانے میں زیادہ تر لوگ ڈاکٹر یا وکیل بننے کی خواہش رکھتے تھے۔
دیپیکا کے مطابق اگر میں اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بیڈمنٹن کو پیشہ بناتی تو انہیں خوشی ہوتی، تاہم والد ہمیشہ اپنی پسند کے مطابق زندگی گزارنے اور اپنے دل کی آواز سننے کا مشورہ دیتے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے 16 سال کی عمر میں ہی احساس ہو گیا تھا کہ میں اداکاری کرنا چاہتی ہوں کیونکہ مجھے کیمرے کے سامنے رہنا بے حد پسند ہے۔