ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ نے اپنی نئی فلم ’ایبینیزر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم معاوضہ قبول کر لیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جانی ڈیپ کو فلم میں کردار ادا کرنے کے لیے 50 لاکھ ڈالرز معاوضہ دیا گیا ہے، جو ان کے سابقہ معاوضوں سے بہت کم ہے، ماضی میں ان کا معاوضہ 1 کروڑ ڈالرز سے بھی زیادہ رہا ہے۔
امریکی اداکار اس نئی فلم میں چارلس ڈکنز کے مشہور ناول ’اے کرسمس کیرول‘ کے مرکزی کردار ایبینیزر اسکروج کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم کی ہدایت کاری ٹائی ویسٹ نے کی ہے، جبکہ اسے ایک تاریک اور ہارر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جانی ڈیپ نے اس فلم میں کام کرنے کے لیے جو معاہدہ طے کیا ہے، اس میں فلم کی کامیابی کی صورت میں اضافی مالی فوائد کی گنجائش بھی شامل ہے، لیکن اس معاہدے کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ فلم ’ایبینیزر‘ آج سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔