برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کو مزید ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے یونیورسٹی آف بریڈفورڈ میں منعقدہ ویسٹ یارکشائر پاکستان ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ 2026ء سے کلیدی خطاب کیا۔
اجلاس کا اہتمام ویسٹ یارکشائر کمبائنڈ اتھارٹی اور برٹش فرینڈز آف پاکستان نے یونیورسٹی آف بریڈفورڈ اور ٹیکسٹائل سینٹر آف ایکسیلنس کے اشتراک سے کیا۔
اجلاس میں ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، سرکاری حکام، ماہرینِ تعلیم اور صنعتی ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور ہنرمندی کے شعبوں میں عملی شراکت داری کو فروغ دینا تھا، جس میں بالخصوص ٹیکسٹائل، مصنوعات سازی اور خوراک کے شعبوں پر توجہ دی گئی۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
بریڈفورڈ کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر انہوں نے شہر کے لوگوں اور ان کی پُرتپاک مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈ Little Pakistan کے نام سے معروف ہے اور یہاں بڑی تعداد میں برطانوی پاکستانی آباد ہیں۔
ٹیپو عثمان نے ان برطانوی مقامی برادریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے 1960ء کی دہائی سے یہاں آنے والے پاکستانیوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں رہائش، روزگار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان میں معاشی استحکام اور جاری اصلاحات کا ذکر بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ لندن کے مالیاتی اور بیمہ شعبوں سے وابستہ آزاد تجزیہ کاروں نے پاکستانی معیشت کی کامیاب بحالی کو تسلیم کیا ہے۔
ٹیپو عثمان نے اس حوالے سے وزیرِ اعظم کی حالیہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں اور مصروفیات کا بھی حوالہ دیا، جن میں لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ شامل تھا۔
ہائی کمشنر نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے تجویز دی کہ پاکستانی صنعت ٹیکسٹائل سینٹر آف ایکسیلنس جیسے برطانوی اداروں کے ساتھ مل کر نئے دھاگے، ریشے اور دیگر مصنوعات تیار کرے، ان مصنوعات کی تیاری میں صنعت کے بدلتے معیار، مزدوروں کے حقوق اور ماحول کے تحفظ کا خیال رکھا جائے۔
ہائی کمشنر نے دونوں ملکوں کی کمپنیوں کو مل کر پیداواری منصوبے شروع کرنے کی ترغیب دی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستانی صنعت کو برطانیہ کے جدید پیداواری طریقے اپنانے کا موقع ملے گا اور دونوں ملکوں کے کاروبار کو فائدہ ہو گا۔
ٹیپو عثمان نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنے، نئی تحقیق کرنے اور صنعت کو تربیت یافتہ افراد فراہم کرنے میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔
اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی مضبوط بنیاد اور دونوں ملکوں کے عوام کے دیرینہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔