سدھارتھ ملہوترا و کیارا ایڈوانی نے اپنی محبت کی اَن کہی کہانی سنا دی

سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی—فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف جوڑی سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی نے اپنے تعلقات، دوستی سے محبت اور پھر شادی تک کے سفر سے متعلق کئی دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

دونوں اداکاروں نے یہ گفتگو پروگرام ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں اپنی پہلی مشترکہ شرکت کے دوران کی، اس موقع پر جوڑا اپنے دوسرے بچے کی آمد کا منتظر بھی ہے۔

پروگرام کے میزبان کرن جوہر نے دعویٰ کیا کہ دونوں کو قریب لانے میں میرا بھی کردار تھا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ میں اس بات کا پورا کریڈٹ تو نہیں لے سکتا، تاہم دونوں کے ایک ہونے میں اپنے کردار کا کچھ حصہ ضرور تسلیم کرتا ہوں۔

کیارا کے مطابق فلم ’لسٹ اسٹوریز‘ کی شوٹنگ کے بعد مشترکہ دوست امرت پال بندرا نے ایک تقریب کا اہتمام کیا، جہاں دونوں کی پہلی ملاقات ہوئی۔

کیارا نے بتایا کہ اس شام کے بعد ہماری بات چیت شروع ہوئی اور چند ہفتوں بعد سدھارتھ نے مجھے سوشل میڈیا پر پیغام بھیجا، دونوں کے درمیان قربت فلم ’شیر شاہ‘ کی شوٹنگ کے دوران مزید بڑھی۔

سدھارتھ کے مطابق فلم میں کیپٹن وکرم بترا اور ڈمپل چیما کی محبت کی کہانی کے ساتھ ساتھ ہماری اپنی محبت کا سفر بھی آگے بڑھ رہا تھا۔

کیارا نے بتایا کہ ابتداء میں دونوں اپنی زندگی کے مختلف مراحل میں تھے، سدھارتھ اپنے فلمی کیریئر کو آگے بڑھانے اور پیشہ ورانہ کامیابی حاصل کرنے پر توجہ دے رہے تھے، جبکہ میں اس تعلق کے مستقبل کو دیکھنے کے لیے تیار تھی۔

 سدھارتھ کے مطابق کیارا شادی کے حوالے سے واضح سوچ رکھتی تھیں۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ سالگرہ سے ایک رات قبل میں نے سدھارتھ سے تعلق کے بارے میں صاف بات کی، سدھارتھ کا رویہ کبھی بہت گرم جوش اور کبھی سرد مہری پر مبنی ہوتا تھا، جبکہ میں کسی غیر یقینی تعلق میں نہیں رہنا چاہتی تھی۔

 کیارا کے مطابق تقریباً 30 روز تک دونوں کے درمیان مسلسل بات چیت ہوتی رہی، جس پر میں نے سدھارتھ سے پوچھا کہ اگر اپنے کام پر توجہ دینی تھی تو پھر یہ سب کیا ہے؟ یہی وہ وقت تھا جب دونوں نے باضابطہ طور پر ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا۔

سدھارتھ نے بتایا کہ ہمارے تعلق میں کئی اتار چڑھاؤ آئے اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب دونوں کچھ عرصے کے لیے ایک دوسرے سے دور ہو گئے، تاہم 4 سال بعد دونوں اپنے رشتے کے مستقبل کے حوالے سے پُریقین تھے۔

کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ شادی کا فیصلہ کرنے سے پہلے دونوں نے مختصر عرصے کے لیے علیحدگی اختیار کی تھی، اس دوران میں نے سدھارتھ کو پہلی بار اس قدر اداس دیکھا اور مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ کیارا سے محبت کرتے ہیں۔

بعد ازاں فلم ’جگ جگ جیو‘ کی شوٹنگ کے دوران سدھارتھ پھول لے کر کیارا سے ملنے پہنچے، یہ ملاقات گانے ’رنگیساری‘ کی شوٹنگ کے موقع پر ہوئی۔

کیارا نے کہا ہے کہ میں نے سدھارتھ کا یہ انداز پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا، جبکہ مذاقاً یہ بھی کہا کہ مجھے کچھ اور نخرے دکھانے چاہیے تھے۔

سدھارتھ نے اس ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں کیارا کے میک اپ روم میں گیا اور صرف اتنا کہا کہ ’ہیلو، کیسی ہو؟‘

کرن جوہر کے مطابق دونوں کے درمیان دوبارہ قربت میری پچاسویں سالگرہ سے ایک روز قبل ہوئی، اس کے بعد جون میں سدھارتھ نے کیارا کو شادی کی پیشکش کی اور اگلے سال فروری میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔