ہما قریشی نے اپنا سر منڈوا لیا، مداح حیران

ہما قریشی—فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہما قریشی نے مقبول سیاسی ڈرامہ سیریز ’مہارانی‘ کے5 ویں سیزن کے لیے اپنا سر منڈوا لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہما قریشی ایک بار پھر ویب سیریز ’مہارانی‘ میں رانی بھارتی کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

ویب سیریز کے 5 ویں سیزن کا پہلا پروموشنل ٹیزر جاری کیا گیا ہے، جس میں اداکارہ مکمل طور پر گنجے سر کے ساتھ دکھائی دے رہی ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ میں نے کردار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے حقیقت میں اپنا سر منڈوایا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ یہ میرے لیے ایک بالکل نیا تجربہ تھا، جس کا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا، تاہم میں اس تبدیلی کے ذریعے اپنی اداکاری کو نئے انداز میں آزمانے کے لیے پُرجوش تھی۔

ہما قریشی نے بتایا ہے کہ ویب سیریز ’مہارانی‘ کا ہر سیزن میرے لیے کچھ نیا لے کر آیا ہے، تاہم 5 واں سیزن میرے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویب سیریز کی آگے کی کہانی میں کئی غیر متوقع موڑ اور دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ رانی بھارتی کا کردار روایتی اچھائی اور برائی کے تصورات سے بالاتر ایک پیچیدہ شخصیت ہے، جو مسلسل معاشرتی اصولوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنا راستہ خود بناتی ہے۔

واضح رہے کہ ویب سیریز ’مہارانی 5‘ فروری 2027ء میں سونی لائیو پر ریلیز ہونے کی توقع ہے۔