15 ممالک مقابلے سے باہر کیوں ہوگئے؟

— فائل فوٹو 

عالمی حسن کے مقابلے’مس یونیورس 2026‘ کو فائنل سے قبل بڑے تنازع کا سامنا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پورٹو ریکو میں منعقد ہونے والے مس یونیورس کے 75ویں ایڈیشن میں مختلف ممالک کی حسینائیں شرکت کے لیے پہنچ رہی ہیں، تاہم مقابلے کے آغاز سے قبل متعدد امیدواروں کے دستبردار ہونے اور 6 ایشیائی ممالک کی شرکت روک دیے جانے سے ایونٹ کی رونق متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بعض امیدواروں نے صحت اور ذاتی وجوہات کی بنا پر مقابلے سے علیحدگی اختیار کی، جبکہ کئی ممالک کو ویزا پابندیوں اور انتظامی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق مس یونیورس آسٹریا وکٹوریہ ایمرسن نے ذہنی اور جسمانی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

بلغاریہ کی امیدوار آنا ماریا باباؤ ایک کار حادثے میں زخمی ہونے کے باعث مقابلے میں شرکت نہیں کرسکیں۔

اسی طرح سینٹ مارٹن کی امیدوار میڈلی ماریان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر مقابلے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

مالدیپ اور مراکش کی نمائندہ امیدواروں نے بھی مقابلے سے دستبرداری اختیار کی، تاہم ان کی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مس یونیورس 2026ء میں6 ایشیائی ممالک تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ویتنام، لاؤس، سنگاپور اور ملائیشیا کی نمائندگی بھی نہیں ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق ان ممالک کی قومی فرنچائزز اور مقابلے کے لائسنس کے حقوق پر اختلافات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ان ممالک کی امیدواروں کو عالمی مقابلے میں شرکت کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔ تنازع کے باوجود ان ممالک کی قومی سطح پر منتخب ہونے والی حسینائیں اپنے قومی اعزازات برقرار رکھیں گی۔ 

واضح رہے کہ ویتنام اگلے سال مس یونیورس کے 76ویں ایڈیشن کی میزبانی بھی کرے گا۔

مس یونیورس 2026ء میں نیپال، انگولا، زیمبیا، زمبابوے اور جمہوریہ کانگو کی نمائندگی بھی ویزا مسائل یا امریکی ویزا پابندیوں کے باعث متاثر ہوئی۔

زیمبیا کی امیدوار مبانگا پامیلہ ہاتیوکا امریکی ویزا حاصل کرنے میں ناکامی کے باعث مقابلے میں شرکت نہیں کرسکیں، جب کہ زمبابوے کی امیدوار روزیانا ہال ویزا کے حصول کے لیے جنوبی افریقہ میں کوششیں جاری رکھے ہوئے تھیں۔

مس یونیورس 2026ء کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے دارالحکومت سان خوان میں منعقد ہوگا۔