بھارت کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی اور تعلقات سے متعلق قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں ثانیہ مرزا نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں ان کے ہمراہ ان کی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان بھی موجود تھیں۔
گفتگو کے دوران ثانیہ کی نجی زندگی اور ڈیٹنگ سے متعلق موضوع زیرِ بحث آیا، جس پر میزبانوں نے ان سے پوچھا کہ کیا کسی نے انہیں کافی پر ملاقات کی دعوت دی ہے؟
سابقہ ٹینس اسٹار نے بتایا کہ میرے مرد دوست اکثر مجھے اپنے ساتھ سیروتفریح کے لیے مدعو کرتے ہیں، تاہم میں انہیں ممکنہ رومانوی ساتھی کے بجائے صرف اپنے دوستوں میں سے ایک سمجھتی ہوں۔
اس موقع پر فرح خان نے بتایا کہ میرے بعض دوست اکثر مجھ سے رابطہ کر کے پوچھتے ہیں کہ آیا ثانیہ واقعی سنگل ہیں یا نہیں؟
اس سوال پر ٹینس اسٹار نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری زندگی میں اس وقت کوئی مرد نہیں ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کوئی ہوگا بھی یا نہیں۔
اس گفتگو کے بعد ثانیہ مرزا کی نجی زندگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، بالخصوص پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ان کے تعلقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 2010ء میں شادی کی تھی، جو 2023ء میں ختم ہوگئی تھی، ان کا ایک 8 سالہ بیٹا اذہان مرزا ملک ہے۔
علیحدگی کے بعد سے سابقہ کھلاڑی نے اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا ہے اور اپنی توجہ خاندان اور پیشہ ورانہ مصروفیات پر مرکوز رکھی ہے۔
بھارت کی کامیاب ترین ٹینس کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی ثانیہ مرزا نے 2023ء میں پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، وہ عالمی درجہ بندی میں سنگلز مقابلوں میں 27ویں نمبر تک پہنچیں، جبکہ ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کیے۔