اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی پر غور

برطانیہ کے اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر قواعد مزید سخت کرتے ہوئے مکمل پابندی کی جانب پیش رفت کی جا رہی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت ستمبر 2027 سے طلبہ پورے تعلیمی دن کے دوران اپنے موبائل فون تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔ اس پالیسی کے تحت متعدد اسکول پہلے ہی سخت اقدامات نافذ کر چکے ہیں۔

 بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کے موبائل فون محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی تالے والے پاؤچ استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایک اکیڈمی میں طلبہ کو کلاس روم کے اندر موبائل فون لے جانے سے روکنے کے لیے میٹل ڈیٹیکٹر بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔

ادھر اسکاٹ لینڈ میں اسکولوں کے اندر ذاتی موبائل فون کے استعمال پر نیا قانون متعارف کروانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔ دوسری جانب ویلز کی حکومت نے قومی سطح پر موبائل فون پر مکمل قانونی پابندی عائد کرنے کی تجویز مسترد کردی۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون کے استعمال میں کمی سے طلبہ کی توجہ، تعلیمی کارکردگی اور کلاس روم کا نظم و ضبط بہتر ہونے کی توقع ہے جبکہ ناقدین کے مطابق اس حوالے سے ہر اسکول کو اپنے حالات کے مطابق فیصلے کا اختیار بھی ہونا چاہیے۔