مہنگائی سے کم آمدنی والے خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ

علامتی فوٹو

گلاسگو: ملک میں مہنگائی نے کم آمدنی والے خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی چیریٹی ٹرسل کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق آئندہ ایک سال کے دوران صرف اسکاٹ لینڈ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو خوراک کے حصول کے لیے فوڈ بینکوں سے رجوع کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ تعداد گزشتہ تخمینوں کے مقابلے میں مزید بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ سال ہر چھ میں سے ایک فرد (17 فیصد) ایسے گھرانے میں رہ رہا تھا جہاں خوراک ختم ہو گئی اور مزید کھانا خریدنے کے لیے رقم موجود نہیں تھی۔

اسی طرح سروے کے مطابق ہر دس میں سے ایک شخص نے رہائش، آمدورفت اور گھروں کو گرم رکھنے جیسے بنیادی اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی خوراک پر خرچ کم کیا۔

ٹرسل کے مطابق معذور افراد، دیکھ بھال کرنے والے افراد اور کم آمدنی والے خاندان خوراک کی عدم دستیابی کے خطرے سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جس کے باعث فوڈ بینکوں پر انحصار میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

اسکاٹش حکومت کی کیبنٹ سیکریٹری برائے سماجی انصاف شرلی این سومروِل نے کہا کہ کسی بھی شخص کو خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے ساڑھے تین ارب پاؤنڈ سے زائد خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔