سعودی عرب کی تیل کی پیداوار فروری کے بعد سب سے بلند سطح پر پہنچ گئی۔
پیٹرولیم برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں سعودی عرب نے اپنی تیل کی پیداوار کو فروری کے بعد کی بلند ترین سطح تک پہنچا دیا ہے۔
اوپیک کی ویب سائٹ پر جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے تنظیم کو بتایا کہ اکتوبر میں اس نے یومیہ ایک کروڑ 5 لاکھ 63 ہزار بیرل خام تیل پیدا کیا، جبکہ ستمبر میں یہ پیداوار 83 لاکھ 72 ہزار بیرل یومیہ تھی۔
رپورٹ کے مطابق فروری 2026 میں سعودی عرب کی پیداوار یومیہ ایک کروڑ 8 لاکھ 82 ہزار بیرل ریکارڈ کی گئی تھی۔ یہ ایران جنگ سے قبل کا مہینہ تھا، جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں تیل کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔
اوپیک پلس کے دیگر رکن ممالک نے بھی اکتوبر میں تیل کی پیداوار بڑھائی۔
اوپیک کے مطابق ثانوی ذرائع سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے تحت گروپ کی مجموعی پیداوار ستمبر کے مقابلے میں 20 لاکھ 40 ہزار بیرل اضافے کے بعد یومیہ 4 کروڑ 12 لاکھ 30 ہزار بیرل ہوگئی۔