پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ مجھے بچوں کی کمی کبھی محسوس نہیں ہوئی، جانوروں سے ملنے والی محبت زیادہ قیمتی ہے۔
ثانیہ سعید نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے ماں نہ بننے کے فیصلے پر یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا ان کے پالتو جانور بچوں کی کمی پوری کرتے ہیں یا انہیں زندگی میں کسی خلاء کا احساس ہوتا ہے؟
اُنہوں نے ماں نہ بننے کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مجھے بچے پیدا نہ کرنے پر کبھی کسی کمی کا احساس نہیں ہوا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ جانوروں سے ملنے والی محبت میرے لیے زیادہ قیمتی ہے اور یہ محبت غیر مشروط ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسا نہیں کہ مجھے بچے پسند نہیں یا میں ماں بننے کے تجربے سے لطف اندوز نہیں ہوتی۔
ثانیہ سعید نے کہا کہ مجھے بچے پسند ہیں اور اگر میرے بچے ہوتے تو مجھے ان کے ساتھ وقت گزارنے میں یقیناً خوشی محسوس ہوتی لیکن صرف بچوں کو پسند کرنا انہیں دنیا میں لانے کے لیے کافی نہیں ہے، بلکہ ان کی پرورش، ضروریات اور مستقبل کی ذمے داریاں پوری کرنے کے لیے مکمل عزم بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاید میں نے بچے اس لیے پیدا نہیں کیے کیونکہ مجھے اعتماد نہیں تھا کہ میں ان کی تمام ذمے داریاں پوری کر سکوں گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں اس وقت 12 بلیوں کی دیکھ بھال کرتی ہوں جنہیں میں نے ریسکیو کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی دیکھ بھال بھی ایک بڑی ذمے داری ہے اور اس میں اتنا وقت صرف ہوتا ہے کہ میں دوستوں کے ساتھ ملاقاتوں اور تقریبات میں بھی شرکت نہیں کر پاتی۔
گفتگو کے دوران ثانیہ سعید سے یہ سوال کیا گیا کہ عمر بڑھنے کے بعد ان کی دیکھ بھال کون کرے گا؟
اس پر اداکارہ نے کہا کہ جب ایسا وقت آئے گا تو صورتِ حال کے مطابق فیصلہ کر لوں گی، ویسے بہت سے ایسے والدین بھی ہیں جن کے بچے مختلف وجوہات کی وجہ سے بڑھاپے میں ان کی دیکھ بھال نہیں کر پاتے، اس لیے ہر شخص کا اپنے بچوں پر انحصار ضروری نہیں۔