امریکی ماڈل اور کاروباری شخصیت کائلی جینر کو ایک اور قانونی مشکل کا سامنا ہے، ان کی سابق گھریلو ملازمہ نے ملازمت کے دوران بدسلوکی، واجبات کی عدم ادائیگی اور کام کے نامناسب ماحول سے متعلق سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کردیا۔
یہ مقدمہ گزشتہ اپریل میں کائلی جینر کی 2 سابق ملازماؤں کی جانب سے دائر کیے گئے اسی نوعیت کے مقدمات کے بعد سامنے آیا ہے۔
رولنگ اسٹون کی رپورٹ کے مطابق ڈینورا کابریا امایا نے لاس اینجلس کی اعلیٰ عدالت میں کائلی جینر، ان کی کمپنیوں اور عملے کے متعدد ارکان کے خلاف غیرقانونی برطرفی اور محنت کشوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
مقدمے کے مطابق ڈینورا نے مارچ 2025ء میں کائلی جینر کے ہاں ملازمت شروع کی تھی، سابق ملازمہ نے کائلی پر براہ راست بدسلوکی کا الزام نہیں لگایا، تاہم دعویٰ کیا کہ ملازمین کے اوقات کار، نگرانی اور اجرتوں سے متعلق فیصلوں میں کائلی کا کردار تھا۔
ڈینورا کا کہنا ہے کہ اضافی کام کے معاوضے سے محروم رکھا گیا اور کام کے دوران نامناسب اور مخالفانہ ماحول کا سامنا کرنا پڑا۔
مقدمے کے مطابق 4 ستمبر 2025ء کو لانڈری روم کی صفائی کے دوران مرچوں کے اسپرے کا ایک غیرمحفوظ ڈبہ اچانک کھل گیا، جس کا مواد براہ راست چہرے اور آنکھوں پر جا گرا۔
ڈینورا نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے باعث شدید جلن اور بینائی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، اپنے نگران کو پیغام کے ذریعے واقعے سے آگاہ بھی کیا، تاہم طبی مسائل کے باوجود کام میں کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔
مقدمے میں کائلی جینر، ان کی کمپنی کائلی جینر انکارپوریٹڈ، عملے کی نگران لورا ڈولی اور اٹزل سبریان سمیت ٹرائی اسٹار سروسز اور لا میزن فیملی سروسز کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں غیرقانونی برطرفی، غیرقانونی حراست، معذوری کی بنیاد پر امتیازی سلوک، مناسب سہولیات فراہم نہ کرنے، شکایت کرنے پر انتقامی کارروائی اور ذہنی اذیت پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔
مدعیہ نے واجب الادا اجرت، ماضی اور مستقبل کی آمدنی کے نقصان اور ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے، جس کا تعین عدالتی کارروائی کے دوران کیا جائے گا۔
یہ نیا مقدمہ کائلی جینر کی سابق ملازماؤں انجیلیکا ہرنینڈز واسکیز اور خوانا ڈیلگاڈو سوٹو کی جانب سے گزشتہ اپریل میں دائر کیے گئے مقدمات کے بعد سامنے آیا ہے۔
تینوں خواتین نے ملازمت کے دوران بدسلوکی اور شکایات کرنے پر انتقامی کارروائی کے الزامات عائد کیے ہیں۔