مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے سربراہ ڈاریو اموڈی کا دعویٰ ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے آئندہ 10 سال سے بھی کم عرصے میں کینسر، الزائمر، دل کی بیماریوں اور ذہنی امراض پر قابو پایا جا سکے گا۔
ڈاریو امودی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت طبی تحقیق، نئی ادویات کی تیاری اور بیماریوں کے علاج میں غیر معمولی تیزی لا سکتی ہے جس سے ایسے طبی مسائل حل کرنا ممکن ہو گا جن کا علاج طویل عرصے سے تلاش کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گوگل کے مصنوعی ذہانت کے سربراہ ڈیماس ہسابیس اور ایلون مسک بھی اسی نوعیت کی امید ظاہر کر چکے ہیں۔
ہسابیس کے مطابق مصنوعی ذہانت ادویات کی تیاری کے 10 سالہ عمل کو چند ہفتوں تک محدود کر سکتی ہے۔
انہوں نے پروٹین کی 200 ملین سے زائد ساختوں کا نقشہ تیار کرنے والے نظام الفا فولڈ کو اس ٹیکنالوجی کی کامیابی کی مثال قرار دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دوسری جانب طبی ماہرین اور دوا ساز کمپنیوں کے سربراہان ان دعوؤں سے متفق نہیں ہیں۔
ورٹیکس فارماسیوٹیکلز کے چیئرمین جیف لیڈن نے ان پیش گوئیوں کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری کمپنی نے 50 مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کے نظام آزمائے، جنہوں نے 10 ہزار ادویاتی مرکبات کا جائزہ لیا لیکن کوئی بھی خود سے مؤثر دوا تیار نہ کر سکا۔
ماہرین کے مطابق کمپیوٹر پر کسی ممکنہ دوا کی نشاندہی صرف ابتدائی مرحلہ ہے، اس کے بعد تجربہ گاہوں، جانوروں اور انسانوں پر طبی آزمائشیں اور سرکاری منظوری ضروری ہوتی ہے، ادویات کی تیاری کا یہ عمل عموماً 10 سے 12 سال لیتا ہے جسے مصنوعی ذہانت مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتی۔
طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ مصنوعی ذہانت کے نظام ابھی انسانی جسم اور بیماریوں کے پیچیدہ حیاتیاتی عوامل کو مکمل طور پر سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، 2026ء تک مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کسی دوا کو مکمل طبی منظوری اور عملی طور پر وسیع پیمانے پر استعمال کی حیثیت حاصل نہیں ہوئی۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماضی میں بھی کینسر کے خاتمے سمیت کئی بڑے طبی دعوے کیے گئے لیکن مقررہ مدت میں ان کے نتائج سامنے نہیں آئے، اس لیے مصنوعی ذہانت کے ذریعے چند سال میں تمام بڑی بیماریوں کے خاتمے کی پیش گوئی کو فی الحال احتیاط سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔