ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی

— فائل فوٹو

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں قدرتی آفات سے سالانہ 2 ارب ڈالرز نقصان ہوتا ہے، اس قرض سے پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہو گی، یہ قرض قدرتی آفات کے بعد فوری بجٹ معاونت فراہم کرنے کے لیے ہو گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے آفات سے بچاؤ اور خطرات کے انتظام میں بہتری آئے گی، پاکستان کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں قدرتی آفات سے تحفظ شامل ہو گا، آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنائی جائے گی، پاکستان کا ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام مضبوط بنایا جائے گا۔

اے ڈی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات سے معاشی نقصانات ہوتے ہیں، 2022ء کے سیلاب سے پاکستان کو 14.9 ارب ڈالرز براہ راست نقصان ہوا، 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے غریب اور دیہی آبادی سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، خواتین اور لڑکیاں قدرتی آفات سے غیر متناسب طور پر متاثر ہوتی ہیں۔