مہناز معمر سے اپیل ہے کہ معمر رانا کو 1 موقع دیں: نیئر اعجاز

اداکار نیئر اعجاز, اداکار معمر رانا اور ان کی سابقہ اہلیہ مہناز معمر—فائل فوٹو

پاکستانی سینئر اداکار نیئر اعجاز نے حال ہی میں خلع لینے والی مہناز معمر سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شوہر اداکار معمر رانا کو ایک موقع اور دیں۔

گزشتہ دونوں نیئر اعجاز نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی فلمی دنیا، اپنے ساتھی فنکاروں سمیت مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی۔

دورانِ انٹرویو سینئر اداکار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں موجودہ صورتِ حال کے ذمے دار معمر رانا خود ہیں، کیونکہ انہیں وقت کے ساتھ زیادہ سمجھ داری اور پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ مومی کے خلع کی کارروائی نے مجھے اندر سے بہت دکھی کر دیا ہے، ہماری بھابھی مہناز معمر سے میری درخواست ہے کہ وہ انہیں صرف ایک اور موقع دیتے ہوئے ان سے صلح کر لیں، اگر اس کے بعد بھی ایسے واقعات پیش آئیں تو وہ اپنے راستے الگ کر سکتی ہیں۔

نیئر اعجاز نے اپیل کی کہ معمر رانا کے اہلِ خانہ اور سوشل میڈیا صارفین ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جن میں ان پر بدسلوکی، جھگڑالو رویے یا نشے کی حالت میں اہلِ خانہ پر تشدد کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

اداکار کا کہنا ہے کہ معمر رانا کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر شدید دکھ ہے، معمر ایک نہایت وجیہہ شخص ہیں اور اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں بے پناہ عزت اور شہرت سے نوازا، تاہم یہ سب زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا۔

نیئر اعجاز نے بتایا کہ کراچی منتقل ہونے کے بعد اپنی مصروفیات کے باعث معمر رانا سے ملاقاتیں نہیں کر سکا، تاہم آج بھی ان کے لیے دعاگو ہوں۔

واضح رہے کہ اداکار معمر رانا نے 1998ء میں مہناز پرویز سے شادی کی تھی اور یہ جوڑا تقریباً 3 دہائیوں تک پاکستانی فلم انڈسٹری کے نمایاں جوڑیوں میں شمار ہوتا رہا، تاہم شادی کے 28 سال بعد دونوں کے تعلقات اس وقت اختتام پذیر ہو گئے جب مہناز معمر نے لاہور کی فیملی کورٹ کے ذریعے خلع حاصل کر لی، ان کی 2 بیٹیاں ریا اور رانیہ ہیں۔