حمیرا ظہیر ایک ہفتے سے آئی سی یو میں ہیں: بشریٰ انصاری

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور حمیرا ظہیر — فائل فوٹو

پاکستانی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری ان دنوں اپنی بچپن کی دوست اور سینئر فنکارہ حمیرا ظہیر کی علالت کے باعث خاصی پریشان ہیں۔

حال ہی میں بشریٰ انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے حمیرا ظہیر کی ناسازیٔ طبیعت کی اطلاع دی تھی اور مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی۔

اب بشریٰ انصاری نے حمیرا ظہیر کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حمیرا ظہیر بالکل خیریت سے تھیں، تاہم اچانک ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع ملی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، تاہم ان کی صحت میں تاحال کوئی بہتری نہیں آئی، میں روزانہ ان کی عیادت کے لیے اسپتال جا رہی ہوں۔

بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ذہنی دباؤ نے آج ہر شخص کی صحت کو متاثر کر رکھا ہے، موجودہ حالات میں شدید ذہنی تناؤ کے باعث انسان چند لمحوں میں بھی آئی سی یو تک پہنچ سکتا ہے۔

آخر میں انہوں نے اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ حمیرا ظہیر کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں۔