گردن کی چربی دل کے امراض کی پیشگوئی میں اہم؟

علامتی فوٹو

طبی دنیا میں یہ بات طویل عرصے سے مانی جاتی رہی ہے کہ جسم کا زیادہ وزن اور موٹاپا امراضِ قلب کا سبب بنتا ہے، تاہم حالیہ طبی تحقیقات نے جسم کے وزن یا روایتی ’باڈی ماس انڈیکس‘ (BMI) کے ساتھ ساتھ جسم کے مخصوص حصوں پر چربی کے جمع ہونے کو دل کی بیماریوں کے لیے زیادہ بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق روایتی بی ایم آئی صرف قد اور وزن کا تناسب بتاتا ہے لیکن یہ نہیں بتاتا کہ جسم میں چربی کہاں جمع ہے (مثلاً پیٹ، کمر یا گردن کے پاس)۔ یہی وجہ ہے کہ بظاہر نارمل وزن والے افراد میں بھی پوشیدہ چربی دل کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

گردن کے گرد غیر معمولی چربی کا جمع ہونا خون کی نالیوں میں سختی اور دل کے دورے کے خطرات سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ بالخصوص گردن کا گھیر جسم کے بالائی حصے میں چربی کے ذخائر کی عکاسی کرتا ہے۔

طبی شواہد بتاتے ہیں کہ پیٹ یا گردن کے اردگرد پائی جانے والی چربی جسم کے اندرونی اعضاء اور میٹابولزم کو زیادہ متاثر کرتی ہے، جس سے کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کے مسائل جنم لیتے ہیں۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ صرف وزن پر انحصار کرنے کے بجائے کمر اور گردن کے ناپ جیسے آسان اور عملی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دل کے امراض کے خطرات کو قبل از وقت بھانپا جا سکتا ہے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔