کاروبار میں تیزی، 100 انڈیکس 5448 پوائنٹس بڑھ گیا

فوٹو: فائل

سعودی پاک ایکویٹی فنڈ کے قیام، خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور اکتوبر کی تقریباً چار ارب ڈالر کی ترسیلات پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس تقریباً ساڑھے پانچ ہزار پوائنٹس بڑھا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) بینچ مارک 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 5 ہزار 448 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 79 ہزار 335 پر بند ہوا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق کاروبار کا رجحان امریکی مڈٹرم الیکشن نتائج اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی پر گزشتہ ہفتے بہتر ہونا شروع ہوا تھا، لیکن اقبال ڈے پر پاک سعودی ایکویٹی فنڈ کے قیام کی خبر نے انڈیکس میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

حصص بازار میں آج 97 کروڑ شیئرز کے سودے 50 ارب روپے میں طے ہوئے جو 18 اگست کے بعد بازار کے کاروبار کی بلند ترین مالیت ہے۔

اس طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن 488 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار 397 ارب روپے ہوگئی۔