راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنالیے جبکہ پاکستان کی برتری ختم کرنے کےلیے مزید 320 رنز درکار ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔
پاکستان کی جانب سے 5 بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں جن میں سعود شکیل نے 93، طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طحٰہٰ نے 51 اور بابر اعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلیں۔
ان کے علاوہ غازی غوری نے 48 اور اذان اویس نے 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشن مدوشناکا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، ملان رتنائیکے اور سونل ڈینوشا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک سری لنکا نے 3 وکٹیں گنوا کر 114 رنز بنا لیے۔ کمنڈو مینڈس 40 اور دھننجیا ڈی سلوا 22 رنز کے ساتھ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے اب تک ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان نے دو جبکہ تجربہ کار محمد عباس نے ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں، جن میں طیب عارف، محمد طحٰہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان شامل ہیں۔