فضائی آلودگی کے وہ باریک ذرات جو بظاہر نظر بھی نہیں آتے، ماں کی کوکھ میں موجود بچوں اور کم عمر بچوں کے پھیپھڑوں کی نشو و نما کو متاثر کر سکتے ہیں، جبکہ ان کے اثرات لڑکپن تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
یونیورسٹی آف کوپن ہیگن، ڈینش پیڈیاٹرک استھما سینٹر اور ہیریلو اینڈ جینٹوفٹے اسپتال کے محققین کی نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ حمل کے دوران اور ابتدائی بچپن میں زیادہ فضائی آلودگی کا سامنا کرنے والے بچوں کے پھیپھڑوں کی کارکردگی دیگر بچوں کے مقابلے میں کم ہو سکتی ہے۔
اس تحقیق میں 846 ماؤں اور بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس میں حمل کے دوران سے لے کر بچوں کی 18 سال کی عمر تک فضائی آلودگی اور پھیپھڑوں کی کارکردگی کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا گیا۔
تحقیق کی مصنفہ اور یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے شعبۂ صحتِ عامہ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر میری پیڈرسن کے مطابق حمل اور زندگی کے ابتدائی برسوں میں زیادہ آلودگی سے متاثر ہونے والے بچوں میں 6 سال کی عمر تک پھیپھڑوں کی کم کارکردگی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ یہ فرق صرف ابتدائی عمر تک محدود نہیں رہتا بلکہ بچوں کی نشو و نما کے دوران اور لڑکپن میں بھی برقرار رہ سکتا ہے۔
تحقیق میں فضائی آلودگی کے ان 2 اہم عناصر پر توجہ دی گئی ہے:
1- پی ایم 2.5 (PM2.5)
انتہائی باریک آلودہ ذرات جو ہوا میں موجود ہوتے ہیں اور سانس کے ذریعے پھیپھڑوں کی گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں۔
2- نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ (NO₂)
نقصان دہ گیس جو گاڑیوں کے دھوئیں، صنعتی سرگرمیوں، لکڑی جلانے اور دیگر احتراقی عمل سے خارج ہوتی ہے۔
تحقیق کے نتائج میں بچوں کے گھروں کے اطراف میں فضائی آلودگی کی سطح میں معمولی فرق بھی پھیپھڑوں کی کارکردگی میں قابلِ پیمائش تبدیلیوں سے وابستہ تھا۔
ماہرین کے مطابق کسی 1 بچے میں یہ فرق بظاہر محسوس نہیں بھی ہو تو بھی پوری آبادی میں اس کے اثرات صحتِ عامہ کے لیے اہم ہو سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔