آسٹریا کے دارالحکومت میں منعقدہ 23 ویں انٹرنیشنل ویانا اوپن کراٹے چیمپئن شپ میں جرمنی کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی نژاد کھلاڑی راجہ ریحان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
مقابلے میں 13 یورپی ممالک کی 56 ٹیموں کے 412 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ سینئرز 60 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں راجہ ریحان کا مقابلہ آسٹریلیا کے کھلاڑی لینگ مارکس سے ہوا۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس میں اسکور 5-5 سے برابر رہا تاہم راجہ ریحان نے بہترین کھیل اور فیصلہ کن برتری کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا۔
راجہ ریحان کی اس کامیابی پر جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کی کامیابی کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔
راجہ ریحان کی یہ کامیابی بین الاقوامی کھیلوں کے میدان میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور محنت کا ایک نمایاں ثبوت ہے۔