برطانوی اداکارہ امبیکا موڈ نے کہا ہے کہ فلم اور ٹیلی ویژن کی صنعت میں جنوبی ایشیائی اداکاروں کو اب بھی نسلی امتیاز اور عدم مساوات کا سامنا ہے، جبکہ ان کے لیے کامیابی کی راہ میں حائل رکاوٹیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 31 سالہ اداکارہ نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں نظامی سطح پر نسلی امتیاز موجود ہے اور جنوبی ایشیائی فنکاروں کے لیے نمایاں مقام حاصل کرنا آسان نہیں۔
ان کے مطابق اداکاری کے شعبے میں مواقع اور ترقی کے معاملے میں تمام فنکاروں کو یکساں سہولتیں حاصل نہیں ہیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایسے کردار قبول نہیں کرتیں جو صرف نمائشی ہوں یا جنوبی ایشیائی خواتین کو روایتی اور محدود انداز میں پیش کرتے ہوں۔ ان کی کوشش ہے کہ اسکرین پر جنوبی ایشیائی خواتین کی زیادہ مضبوط، پیچیدہ اور حقیقی تصویر سامنے آئے۔
امبیکا موڈ نے بی بی سی ڈرامے This Is Going to Hurt اور نیٹ فلکس سیریز One Day میں اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ وہ اب جاسوسی تھرلر سیریز Black Doves کے دوسرے سیزن میں لیلا نامی خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔