مداح سے زیادتی، 3 خواتین سے جنسی ہراسانی، برطانوی کامیڈین رسل برانڈ کو ساڑھے 10 سال قید کی سزا

اداکار رسل برانڈ : فوٹو رائٹرز 

برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کو مداح سے زیادتی اور شوبز کیریئر کے دوران 3 خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم میں 10 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ کے جج جوئل بینتھم نے پیر کو سزا سناتے ہوئے کہا کہ رسل برانڈ شہرت حاصل کرنے کے دوران جنسی درندہ بن چکے تھے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ رسل برانڈ ذہین، خوش گفتار اور بہت سے لوگوں کی نظر میں مزاحیہ شخصیت تھے، لیکن اس کے ساتھ وہ جنسی درندہ بھی بن گئے تھے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خواتین جو بھی لباس پہنیں، جہاں بھی جائیں یا کچھ بھی پیئیں، انہیں انکار کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور ان کی رضامندی کے بغیر جنسی عمل کرنے والوں کے خلاف انصاف طلب کرسکتی ہیں۔

51 سالہ رسل برانڈ نے سزا سنائے جانے کے وقت کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے پریس ایسوسی ایشن کے مطابق عدالت سے لے جائے جانے سے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ لورا گالاچر سے مختصر گفتگو کی اور کہا کہ سب ٹھیک ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے جیوری نے رسل برانڈ کو 2009 میں 21 سالہ خاتون سے زیادتی اور 2000 کی دہائی میں مزید 3 خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں مجرم قرار دیا تھا۔

تاہم انہیں زیادتی کے مزید دو اور اقدامِ غیر اخلاقی حملے کے ایک الزام سے بری کردیا گیا تھا۔

عدالت میں ایک متاثرہ خاتون نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ رسل برانڈ کی شہرت بڑھنے کے ساتھ میڈیا میں ان کے رویے کو مذاق کے طور پر پیش کیا جاتا رہا، جس سے انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

2009 میں زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد وہ اپنے احساسات اور یادیں بھلانے کے لیے شراب نوشی کی طرف مائل ہوگئیں۔

ایک اور خاتون نے رسل برانڈ کو ایسا جنسی مجرم قرار دیا جسے اپنے رویے پر کوئی پشیمانی نہیں، جبکہ چوتھی متاثرہ خاتون نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ واقعہ انہیں زندگی بھر پریشان کرتا رہے گا۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے مقدمے میں سامنے آنے والی خواتین کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات سے تحقیقات کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔

پولیس کے مطابق رسل برانڈ کے خلاف زیادتی کے مزید 2 الزامات کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

رسل برانڈ نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں چینل 4 کے پروگرام کے ذریعے شہرت حاصل کی، بعدازاں بی بی سی ریڈیو پر بھی پروگرام کیا۔