والد کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ حمزہ ظہور نے بھارت کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔
پاکستان انڈر19 ٹیم کے بلے باز حمزہ ظہور کے والد آٹو رکشہ چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے رہے۔
باپ کی اسی محنت کا نتیجہ ہے کہ حمزہ ظہور نے بھارت کے خلاف انڈر 19 میچ میں شاندار سنچری اسکور کرکے پاکستان کا نام روشن کردیا۔
کرکٹ کھیل ہے جنون کا اور اسی جنون کا نتیجہ ہے کہ لاہور کی تنگ گلیوں سے نکلنے والے نوجوان حمزہ ظہور کی کامیابی پر آج ناصرف اس کا خاندان بلکہ پورا محلہ فخر کر رہا ہے۔
یہ گھر بظاہر عام سا ہے، گلی بھی تنگ، وسائل بھی محدود، لیکن گھر میں رہنے والے مکینوں کے خواب بہت بڑے تھے۔
کرکٹ اسٹار حمزہ کے والد نے محنت مزدوری اور رکشہ چلا کر خاندان کی کفالت کی، اپنی استطاعت کے مطابق حمزہ کو کرکٹ کے میدان تک پہنچانے میں ساتھ دیا۔ حالات جیسے بھی رہے، بیٹے کے شوق اور اس کے مستقبل کے لیے حوصلہ کبھی کم نہیں ہونے دیا۔
حمزہ کی کامیابی میں بھائی کی محنت بھی کسی سے کم نہیں، جس نے ہر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیا اور حوصلہ بڑھایا۔
حمزہ ظہور کا تنگ گلی سے شروع ہونے والا سفر آج پاکستان کے لیے فخر کا باعث بن گیا ہے۔
حمزہ کی کامیابی بتاتی ہے کہ خواب دیکھنے کے لیے بڑے وسائل نہیں بلکہ حوصلے ، محنت اور اپنوں کا ساتھ ضروری ہوتا ہے۔