آسٹریلیا کے کرکٹ ریگولیٹر نے انکشاف کیا ہے کہ جارح مزاج بلے باز کرس لین پر کوکین کا استعمال کرنے کی وجہ سے 1 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ کرس لین انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیم نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کر رہے تھے، جب 18 جولائی 2026ء کو ٹی 20 بلاسٹ فائنلز ڈے کے موقع پر ان کا ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا۔ ان کی ٹیم نے اسی روز ٹورنامنٹ کا فائنل جیتا تھا۔
ڈوپ ٹیسٹ میں کوکین کے استعمال سے پیدا ہونے والے مادے بینزوئے لیکونین کی موجودگی سامنے آئی اور انگلینڈ کے کرکٹ ریگولیٹر نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
تحقیقات کے دوران آسٹریلوی کرکٹر نے اعتراف کیا کہ میں نے 15 اور 16 جولائی کے درمیان کوکین استعمال کی تھی لیکن کوکین کا استعمال مقابلے کے دوران نہیں کیا تھا اور اس کا میری کارکردگی سے بھی کوئی تعلق نہیں تھا۔
کرکٹ ریگولیٹر نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کرس لین کے مؤقف کو قبول کرلیا۔
مزید برآں، آسٹریلوی کرکٹر کے خلاف عائد 2 ڈوپ الزامات میں سے ایک واپس لے لیا گیا کیونکہ نمونے میں موجود مادے کی مقدار عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے مقررہ معیار سے کم تھی۔
ابتدائی طور پر کرس لین کے لیے 3 ماہ کی پابندی تجویز کی گئی تھی، تاہم انہوں نے نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق بحالی پروگرام میں شرکت کی اور اسے کامیابی سے مکمل کیا۔
بعد ازاں ان پر عائد پابندی کم کر کے 1 ماہ کردی گئی۔ یہ پابندی 31 جولائی سے 30 اگست 2026ء تک نافذ رہی، جسے وہ مکمل کر چکے ہیں۔