امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی سخت کردی گئی

—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

ممبئی حکام کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میل میں شہر کے کئی اہم مقامات کے ساتھ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ جلسہ کا نام بھی شامل تھا۔

اطلاع ملنے پر سیکیورٹی اداروں نے مذکورہ مقامات کی تلاشی لی، تاہم کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق دھمکی آمیز ای میل میں بمبئی ہائی کورٹ، بمبئی اسٹاک ایکسچینج اور مہالکشمی ریس کورس کا نام بھی شامل تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈز نے تمام مقامات کا معائنہ کیا، پولیس حکام نے بھی کسی مشکوک مواد کی موجودگی کی تردید کردی۔

امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو چند ہفتوں کے دوران دوسری مرتبہ دھمکی موصول ہوئی ہے۔

 اس سے قبل 23 اکتوبر کو ممبئی کے میئر آفس کو بھی اسی نوعیت کی ایک ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں جلسہ، میئر آفس اور مہالکشمی ریس کورس کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

مہالکشمی ریس کورس میں 27 نومبر کو گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ بھی شیڈول ہے۔

پہلی دھمکی کے بعد 25 اکتوبر کو جلسہ کے باہر سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔

 امیتابھ بچن نے اپنی روایتی اتوار کی ملاقات کے دوران مداحوں سے ملاقات جاری رکھی، تاہم حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردیا گیا۔

یکم نومبر کو امیتابھ بچن اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ہمراہ بلٹ پروف شیشے کی حفاظتی دیوار کے پیچھے سے مداحوں کو ہاتھ ہلا کر ملے۔