گوہر رشید خواتین کی تضحیک اور ہراسانی کیخلاف بول پڑے

اداکار گوہر رشید — فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکار گوہر رشید نے معاشرے میں خواتین کی تضحیک اور ان کے لیے استعمال ہونے والے نازیبا القابات کے خلاف آواز بلند کردی۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں اداکار نے معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے۔

ویڈیو میں انہوں نے روزمرہ کی زندگی میں خواتین کے لیے استعمال ہونے والے چند اسمِ صفت درج کیے ہیں، جس میں موٹی، پتلی، کالی جیسے الفاظ شامل ہیں۔

اداکار نے معاشرے کے توہین آمیز رویے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خواتین کے لیے ایسے الفاظ استعمال ہی نہیں کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوچیں اگر دنیا کی کسی بھی لغت میں یہ الفاظ موجود ہی نہ ہوں تو ہم خواتین کے لیے کونسے الفاظ استعمال کریں گے؟، انہیں کیا کہہ کر مخاطب کریں گے؟

گوہر رشید نے اس طرح کی تضحیک اور ہراسانی کے خلاف کھل کر مؤقف اختیار کیا، جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

اداکار کے دوٹوک مؤقف پر مختلف شخصیات اور مداح ان کی تعریف کر رہے ہیں، ان کی اہلیہ، اداکارہ کبریٰ خان نے بھی اس حوالے سے اپنے شوہر پر فخر کا اظہار کیا، جبکہ بلال عباس خان نے گوہر رشید کے لیے محبت کا پیغام بھیجا۔