دھنوش کی سیاست میں انٹری کی قیاس آرائیاں، سائی پلوی کی اداکاری جاری رکھنے کی اپیل

تصویر سوشل میڈیا۔

جنوبی بھارت کی معروف اداکارہ سائی پلوی نے تامل سپر اسٹار دھنوش کے سیاست میں آنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان ان سے اداکاری جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ 

تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ تامل اور تیلگو اداکارہ نے اپنی آنے والی فلم ’او ایم‘ کی ریلیز سے قبل منعقدہ تقریب میں سائی پلوی نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے یہ کوئی سیاسی جلسہ ہو، تاہم انہوں نے دھنوش سے اپیل کی کہ وہ فلم انڈسٹری کو خیرباد نہ کہیں۔

ہدایت کار راج کمار پیریاسامی کی آنے والی فلم ’او ایم  چیپٹر 1: ادھیرم  دی بلڈ وڈ، کی ریلیز سے قبل جمعہ کی شام چنئی کے ایک کالج میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں دھنوش، سائی پلوی، مموتی اور فلم کی دیگر ٹیم نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران اسٹیج پر گفتگو کرتے ہوئے سائی پلوی نے کہا کہ دھنوش کے مداحوں کی جانب سے لائے گئے جھنڈوں کی وجہ سے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے کوئی سیاسی اجتماع ہو۔ انہوں نے دھنوش سے فلمیں نہ چھوڑنے کی اپیل بھی کی اور اس حوالے سے تامل ناڈو کے موجودہ وزیراعلیٰ وجے کی مثال دی۔

انہوں نے دھنوش کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی کریں گے، سر میں آپ کی حمایت کروں گی۔ ان کی یہ بات سنتے ہی حاضرین نے زور دار نعرے لگانے شروع کر دیے اور ہال تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔

سائی پلوی نے کہا میں امید اور دعا کر رہی تھی کہ دھنوش ہمیشہ ایک اداکار کی حیثیت سے ہمارے درمیان موجود رہیں۔ لیکن مجھے بہت خوشی ہے اس فلم کے ذریعے میں آپ کو وہی محبت اور شفقت لوٹا سکوں جو آپ نے مجھے دی ہے۔

دھنوش نے کہا فی الحال ان کی تمام تر توجہ فلموں پر مرکوز ہے۔ تقریب کے میزبان سے گفتگو میں بھی انہوں نے اپنی اگلی فلم کے لیے بے تابی کا اظہار کیا۔ اپنے سیاسی میدان میں آنے کی قیاس آرائیوں پر انھوں نے کہا میرے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کوئی مجھے ہدایات دے رہا ہے اور وہ میرے ساتھ ہیں۔ لیکن صرف خدا ہی میری رہنمائی کرتا اور  ہدایات دیتا ہے۔

دھنوش آخری مرتبہ ہدایت کار وگنیش راجہ کی فلم ’کارا‘ میں نظر آئے تھے، جس کی کہانی ایک ایسے سابق ڈاکو کے گرد گھومتی ہے جو حالات کے باعث دوبارہ اپنے پرانے جرائم کی دنیا میں واپس جانے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

فلم ’او ایم‘ کو دھنوش نے اپنے پروڈکشن ہاؤس ونڈربار فلمز کے تحت پروڈیوس کیا ہے جو 20 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس کے علاوہ دھنوش کے پاس ویتری مارن کے ساتھ فلم تھمیزھ مروگن اور تمیزھارسن پچاموتھو کے ساتھ ایک اور فلم بھی ہے جس کا نام طے نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب سائی پلاو نے رواں سال سنل پانڈے کی فلم ایک دن کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا، جس میں عامر خان کے بیٹے جنید خان ان کے ساتھ مرکزی کردار میں تھے۔ وہ حال ہی میں نتیش تیواڑی کی فلم رامائن میں رنبیر کپور اور یش ان کے ہمراہ نظر آئیں۔ فلم کا دوسرا حصہ 2028 میں ریلیز ہوگا۔ وہ منی رتنم اور وجے سیتھوپتی کے ساتھ فلم انجی ویلم میں بھی شامل ہیں۔