فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے37 پیسے فی یونٹ مہنگی

—فائل فوٹو

ملک میں ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے37 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق بجلی ستمبر 2026ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، اس ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے اضافے کا اطلاق نومبر کے بلوں میں ہو گا۔

واضح رہے کہ سی پی پی اے نے ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ میں 2 روپے56 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔

علاوہ ازیں نیپرا نے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے بجلی کی اضافی کھپت پر ریلیف کم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نیپرا نے اضافی کھپت پر فی یونٹ ریلیف 2 روپے 32 پیسے تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو بجھوا دیا گیا ہے، وفاقی حکومت صنعتی اور زرعی صارفین کو فی یونٹ 11 سے 15 روپے تک ریلیف دے رہی ہے۔

نیپرا کے فیصلے کے مطابق یہ ریلیف بجلی کی اضافی کھپت پر دیا جاتا ہے، اضافی کھپت پیکیج کا ریٹ 22.98 روپے سے بڑھ کر 25.30 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔

نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، نیا ریٹ نومبر 2026ء کے بلنگ مہینے سے لاگو ہو گا۔

نیپرا کا فیصلہ چیئرمین نیپرا کے کاسٹنگ ووٹ سے ہوا جبکہ 2 اراکین نے اختلافی نوٹ لکھا، جس میں 25.30 روپے فی یونٹ کو بے بنیاد قرار دیا گیا۔

اختلافی نوٹ ممبر آمنہ احمد اور ممبر مقصود انور خان نے لکھا۔