بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کا دور ختم ہونے جارہا ہے، فرح خان

بالی ووڈ کی معروف فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے نئی نسل کے اداکاروں میں خود اعتمادی کی شدید کمی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرح خان نے نئے اداکاروں کے رویے کو دیکھتے ہوئے کہا کہ اب بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کا دورہ ختم ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن، عامر خان اور اکشے کمار بالی ووڈ کے آخری سپر اسٹارز ہیں، ان کے بعد یہ سنہری دور ختم ہوجائے گا۔

فرح خان نے انکشاف کیا کہ نئے اداکار فلم ڈائریکشن، کوریوگرافی، میوزک اور کاسٹنگ جیسے معاملات میں بلاوجہ مداخلت کرتے ہیں، حد تو یہ ہے کہ سیٹ پر مکالمے تک یاد کرکے نہیں آتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس کے مقابلے میں شاہ رخ، امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار جیسے سینئر اداکار ہمیشہ ڈائریکٹر کی بصیرت اور فلمسازی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔

فرح خان نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان نے فلم ’میں ہوں ناں‘ میں سشمتاسین اور ’اوم شانتی اوم‘ میں نئی لڑکی دیپیکا پڈوکون کے کاسٹنگ پر ڈائریکٹر کی پسند پر مکمل بھروسہ کیا اور کبھی سوال نہیں اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ پرانے سپر اسٹارز آج بھی اپنی پہلی فلم کی طرح محنت کرتے ہیں، سلمان خان نے کبھی اتوار کی شوٹنگ سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی کام سے چھٹی مانگی۔

فرح خان نے یہ بھی کہا کہ دوسری طرف آج کے نئے اداکار سیٹ پر آنے کے بعد اسکرپٹ اور مناظر میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہیں، ان کی توجہ صرف میگزین کورز اور ایوارڈ نائٹس پر ہوتی ہے، ان کے کریڈٹ پر معیاری فلمیں تک موجود نہیں ہیں۔