سجل علی اور جھانوی کپور کے تعلق کو کیا چیز خاص بناتی ہے؟

جھانوی کپور اور سجل علی—فائل فوٹوز

 پاکستانی اداکارہ سجل علی نے بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سچا اور مخلص انسان قرار دیا ہے۔

ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران سجل علی سے شوبز انڈسٹری میں آنے والے نئے اداکاروں کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے جھانوی کپور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری دوست ہیں اور مجھے جھانوی کی سچائی اور خلوص بہت پسند ہے۔

دونوں اداکاراؤں کی دوستی 2017ء میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’موم‘ کے دوران شروع ہوئی تھی، جس میں سجل علی نے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی سوتیلی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔

 اطلاعات کے مطابق جھانوی کپور نے ہی اس فلم کے لیے سجل علی کا نام تجویز کیا تھا، جس کے بعد سجل کے سری دیوی اور ان کے خاندان سے بھی قریبی تعلقات قائم ہو گئے تھے۔

دونوں اداکاراؤں کی دوستی میں ایک جذباتی پہلو بھی شامل ہے، سجل علی نے فلم ’موم‘ کی شوٹنگ کے دوران اپنی والدہ کو کینسر کے باعث کھو دیا تھا، جبکہ سری دیوی بھی فروری 2018ء میں انتقال کر گئی تھیں، دونوں اداکاراؤں کے لیے ماؤں کو کھونے کا مشترکہ دکھ ان کے تعلق کو مزید خاص بناتا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث ملاقاتوں کے محدود مواقع کے باوجود دونوں اداکارائیں ایک دوسرے کے لیے محبت اور خلوص کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔

دبئی میں منعقدہ فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز نائٹ کے موقع پر دونوں کی گرم جوش ملاقات بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنی تھی۔