کامیڈی ڈرامے میں 25 مختلف کردار ادا کرنے کے باوجود صرف 1 فنکار کے برابر معاوضہ دیا گیا: حنا دلپذیر

حنا دلپذیر—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ حنا دلپذیر نے انکشاف کیا ہے کہ مقبول کامیڈی ڈرامے میں 25 مختلف کردار ادا کرنے کے باوجود صرف ایک فنکار کے برابر معاوضہ دیا گیا۔

احمد علی بٹ کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میکں گفتگو میں حنا دلپذیر نے بتایا ہے کہ مجھے ابتدا میں ڈرامے میں صرف 3 سے 4 کردار ادا کرنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا، تاہم جیسے جیسے ڈرامے کی کہانی آگے بڑھی، ہدایت کار اور مصنف کو دیگر کرداروں کے لیے موزوں فنکار نہیں ملتے تھے، جس کے باعث مجھے مزید کردار سونپے جاتے رہے۔

اداکارہ کے مطابق وقت کے ساتھ کرداروں کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی، جن میں کئی مرد کردار بھی شامل تھے، ایک تجرباتی قسط میں میں نے تمام کردار خود ہی ادا کیے، جس کی شوٹنگ مکمل کرنے میں 2 سے 3 دن لگے۔

حنا دلپذیر نے معاوضے کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جب میں نے اس حوالے سے بات کی تو پروڈیوسر مالی مشکلات کا حوالہ دینے لگے۔

اداکارہ نے مزید انکشاف کیا ہے کہ بعد ازاں پروڈیوسر نے ایک دوسرے ٹی وی چینل پر ڈرامہ دوبارہ شروع کرنے کے لیے بھی مجھ سے رابطہ کیا، تاہم میں نے یہ کہتے ہوئے پیشکش مسترد کردی کہ اب اس میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

واضح رہے کہ حنا دلپذیر اپنی بہترین مزاحیہ اداکاری اور مختلف کرداروں میں ڈھل جانے کی صلاحیت کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔