بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی کامیابی اور زندگی میں ملنے والی خوشیوں سے متعلق والدہ کی دعاؤں اور فلاحی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں کترینہ کیف نے بتایا ہے کہ میری والدہ بھارتی شہر مدورائی میں رہائش پذیر ہیں، جہاں انہیں روزمرہ زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق مدورائی میں مبینہ طور پر روزانہ صرف 12 گھنٹے بجلی دستیاب ہوتی ہے، جبکہ بجلی کی بار بار بندش کے باعث انٹرنیٹ کی سہولت بھی متاثر ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ میں والدہ سے ویڈیو کال کے بجائے اکثر عام فون کال پر بات کرتی ہوں۔
کترینہ کیف نے بتایا ہے کہ والدہ مشکلات کے باوجود تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں اور روزانہ اسکول جا کر بچوں کو تعلیم دیتی ہیں، اس کے علاوہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے اپنا وقت وقف کرتی ہیں۔
اداکارہ نے والدہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ماننا ہے کہ زندگی اور کیریئر میں ملنے والی بہت سی نعمتیں، مواقع اور خوشگوار تجربات والدہ کے فلاحی کاموں اور دعاؤں کا نتیجہ ہیں۔