بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’استری 2‘ کی غیر معمولی کامیابی کے بعد مجھے کئی فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی اور بھاری معاوضے کا بھی لالچ دیا گیا لیکن میں نے تمام آفرز ٹھکرا کر 3 سال تک اپنی پسند کی کہانی کا انتظار کیا۔
شردھا کپور نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ جب تک دل کو پسند آنے والی کہانی نہیں ملتی، میں کسی فلم کے لیے ہاں نہیں کروں گی۔
ان کے مطابق دوبارہ کام کرنے کی شدید خواہش کے باوجود انتظار کرنا آسان نہیں تھا لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں نے جلد بازی میں کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا۔
اداکارہ نے نوجوان لڑکیوں کو کامیاب مستقبل کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے دل کی آواز سننی چاہیے کیونکہ بعض اوقات صبر کا فیصلہ مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن اس کا نتیجہ بہترین نکلتا ہے۔
شردھا نے یہ بھی بتایا کہ اگر میں اداکارہ نہ ہوتی تو شاید ماہرِ نفسیات بننے کی کوشش کرتی کیونکہ میں لوگوں کے راز محفوظ رکھنے میں اچھی ہوں، پھر ہنستے ہوئے کہا کہ مگر مجھے خدشہ ہے کہ مجھ سے مشورہ لینے والے افراد پہلے سے زیادہ پریشان ہو کر واپس جاتے۔
واضح رہے کہ شردھا کپور کی 3 سال بعد فلم ’ایتھا‘ کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی ہو رہی ہے، لکشمن اٹیکر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم معروف مراٹھی فنکارہ وِٹھا بائی نارائن گاؤنکر کی زندگی پر مبنی ہے۔
فلم کی مرکزی کاسٹ میں شردھا کپور، رندیپ ہڈا، نانا پاٹیکر، محمد ذیشان ایوب اور سدھارتھ جادھو بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اس فلم کی ریلیز 4 دسمبر کو شیڈول ہے۔