نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کیلئے دونوں بورڈز میں بات چیت

—فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے سلسلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز سیریز کے شیڈول اور وینیوز پر بات چیت کر رہے ہیں، اس حوالے سے حتمی مشاورت کے بعد سیریز کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچز کے لیے نیوزی لینڈ نے فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، اس حوالے سے رمضان المبارک اور ٹیموں کی مصروفیات کو سامنے رکھ کر شیڈولنگ کی جا رہی ہے۔

نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان سیریز 16 فروری کو ہیملٹن میں ختم ہو گی جبکہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 18 مارچ سے ہو گا جس کے لیے 15 مارچ سے ٹیموں کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کا کم از کم ایک ٹیسٹ میچ رمضان المبارک میں ہو گا۔