بالی ووڈ کی معروف اسٹنٹ کوآرڈینیٹر گیتا ٹنڈن نے اداکار انیل کپور کے شو ‘انڈیا کے ٹاپ 1 پرسنٹ’ کے سیٹ پر اپنے اور اپنے بیٹے کے ساتھ ہونے والے غیر مناسب رویے سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی پوسٹ کے ذریعے اپنے دکھ اور غصے کا اظہار کیا۔
گیتا ٹنڈن کے مطابق انہیں اور ان کے بیٹے کو شو پر بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا، جس کے لیے انہوں نے کوئی معاوضہ بھی طلب نہیں لیا تھا۔ وہ دوپہر 12:30 بجے سیٹ پر پہنچیں لیکن رات 9:15 بجے تک انہیں بنا کسی واضح معلومات کے ایک ٹینٹ میں بٹھائے رکھا گیا۔ جب انہوں نے اعتراض کیا تو پروڈکشن منیجر نے انتہائی ہتک آمیز انداز اپنایا۔
گیتا نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’میں کسی سے رعایت مانگنے نہیں گئی تھی، آپ کی ٹیم نے مجھے بار بار فون کر کے بلایا۔ میں نے بغیر ایک روپیہ لیے اپنا اور اپنے بیٹے کا وقت دیا۔ کم از کم بنیادی انسانی احترام کی توقع تو کی ہی جا سکتی ہے۔ کیمرے کے پیچھے کھڑے شخص کی عزت بھی اتنی ہی ہونی چاہیے جتنی کیمرے کے سامنے والے کی ہوتی ہے۔‘
معروف کوریوگرافر اور ڈائریکٹر فرح خان نے پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے معافی مانگی اور کہا: "جیتا جی معذرت! مجھے علم نہیں تھا کہ آپ وہاں موجود ہیں، ورنہ میں آپ کو اپنی وین میں بٹھاتی۔ ہم آپ کی سخت محنت اور فن کی بہت عزت کرتے ہیں۔”
شو کے میزبان انیل کپور نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’گیتا جی، یہ سن کر مجھے سچ میں دکھ ہوا ہے۔ بطور میزبان میں ہمیشہ چاہتا ہوں کہ میرے شو کا ہر فرد محترم محسوس کرے۔ آپ اور آپ کا بیٹا ہمارے مہمان تھے۔ میں آپ سے معذرت خواہ ہوں۔‘
گیتا ٹنڈن کون ہیں؟
گیتا ٹنڈن گزشتہ دو دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی میں بحیثیت اسٹنٹ پرفارمر کام کر رہی ہیں۔ وہ دیپیکا پڈوکون، کترینہ کیف اور ایشوریا رائے بچن جیسی بڑی اداکاراؤں کی باڈی ڈبل رہ چکی ہیں اور ‘چنئی ایکسپریس’، ’سنگھم‘، ’را ون‘، ’سلطان‘ اور ’دی فیملی مین‘ جیسے بڑے پروجیکٹس میں خطرناک اسٹنٹس کر چکی ہیں۔