شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کیلئے ایڈ شیرن کا پہلا بالی ووڈ گانا ریلیز

شاہ رخ خان اور ایڈ شیرن—فائل فوٹوز

برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار ایڈ شیرن نے بالی ووڈ میں اپنا پہلا گانا ریلیز کر دیا، جو سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا حصہ ہے۔

گانے ’تو مل جائے‘ میں ایڈ شیرن کے ساتھ معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، جبکہ موسیقی سچن جگر نے ترتیب دی ہے۔

 گانے کے بول کمار نے لکھے ہیں اور مدھوبنتی باگچی بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔

ایڈ شیرن نے 3 نومبر کو انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں اسٹوڈیو میں گانے کی ریکارڈنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اپنی پوسٹ میں گلوکار نے بتایا ہے کہ جب پہلی مرتبہ شاہ رخ خان سے ملاقات ہوئی تو اداکار نے مجھے اپنی اگلی فلم کے لیے گانا بنانے اور اسے پہلا بالی ووڈ گانا قرار دینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ایڈ شیرن کے مطابق دونوں کے درمیان وقت کے ساتھ دوستی گہری ہوتی گئی، میں گزشتہ دورۂ بھارت کے دوران شاہ رخ خان کے گھر بھی گیا تھا، جہاں اداکار نے مجھے موسیقار جوڑی سچن جگر سے متعارف کرایا۔

گلوکار نے بتایا ہے کہ اسی ملاقات کے روز میں نے فلم ’کنگ‘ کے لیے ’تو مل جائے‘ میں اپنا حصہ لکھا اور ریکارڈ کیا۔

انہوں نے اریجیت سنگھ کے ساتھ کام کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب شاہ رخ خان نے بھی ایڈ شیرن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا ہے کہ میں اپنے دوست کے اس تعاون کے لیے ان کے بے حد شکر گزار ہوں، خصوصاً گانے کے ہندی بول گانے پر میں ان سے بہت محبت کرتا ہوں۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ 24 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔