بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ پہلی بائیک رائیڈ کا دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ اس دوران بے حد خوفزدہ ہو گئی تھیں۔
سیف علی خان نے یہ قصہ ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں اداکار اکشے کمار کے ہمراہ شرکت کے دوران میزبان امیتابھ بچن کو سنایا۔
یہ دونوں اداکار فلم ’ٹشن‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جس کی شوٹنگ کے دوران سیف اور کرینہ میں قربتیں بڑھنا شروع ہوئی تھیں۔
سیف علی خان کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے ابتدائی دنوں میں میری اور کرینہ کی زیادہ بات چیت نہیں ہوتی تھی اور دونوں صرف ساتھی اداکاروں کی طرح ایک دوسرے سے رسمی گفتگو کرتے تھے، اسی دوران کسی نے مجھے مشورہ دیا کہ کرینہ کو بائیک پر گھمانے لے جائیں کیونکہ ان کو موٹر سائیکل چلانے کا بہت شوق ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میں نے لداخ میں شوٹنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل کرائے پر لی ہوئی تھی اور خوبصورت پہاڑی سڑکوں پر بائیک چلاتے ہوئے شوٹنگ پر جایا کرتا تھا، مشورے پر میں نے کرینہ کو بائیک رائیڈ کی پیشکش کی تو اداکارہ نے خوشی سے ہاں کر دی۔
سیف کے مطابق بائیک رائیڈ شروع ہوتے ہی کرینہ خوفزدہ ہو گئیں اور ہر چند سیکنڈ بعد اپنے ناخن میری کمر میں گاڑتے ہوئے رکنے کا کہنے لگیں۔
سیف نے بتایا کہ کرینہ بار بار مجھے رفتار کم کرنے اور بائیک روکنے کا کہتی رہیں، یہاں تک کہ کچھ دیر بعد انہوں نے کہہ دیا کہ مجھے بائیک رائیڈ بالکل پسند نہیں۔
اداکار نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ میں حیران رہ گیا اور سوچنے لگا کہ اگر ان کو بائیک رائیڈ پسند نہیں تو پھر ہم دونوں اس پر کیوں سوار ہیں؟
سیف کے مطابق اس واقعے سے مجھے اندازہ ہوا کہ شاید ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے، لیکن کرینہ کو بائیک رائیڈ پسند نہیں آئی تھی۔