پاکستانی اداکار، ماڈل عمر شہزاد اور ان کی اہلیہ شانزے لودھی والدین بن گئے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اپنے ننھے شہزادے کے ہمراہ خوبصورت و یادگار ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوش خبری دے دی۔
اداکار نے اپنے بیٹے کے کان میں اذان دیتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ اللّٰہ سنتا ہے، اس کی جانب سے سب سے بڑا تحفہ، ہمارا چھوٹا سا اسماعیل، ہمیں دعاؤں میں یاد رکھے گا۔
اس سے قبل اداکار کی اہلیہ شانزے لودھی نے بھی بذریعہ سوشل میڈیا اپنے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے ایک خوبصورت پوسٹر بھی جاری کیا تھا، جس میں نومولود کے لیے دعا درج تھی۔
دعا میں لکھا گیا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ آپ کو خوبصورت زندگی، مضبوط ایمان، اچھی صحت اور بے شمار خوشیاں عطاء فرمائے اور آپ کو نیک لوگوں میں شامل کرے۔
شانزے لودھی نے اس خوشی کے موقع پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ 24 گھنٹے کے درد، آنسو، دعائیں اور ایسی ہمت جس کا ہمیں خود بھی اندازہ نہیں تھا، جس کے بعد یہ ایک ایسا سفر تھا جس نے مجھے جسمانی طور پر آزمایا، جبکہ میرے شوہر کے دل میں ایسے جذبات پیدا کیے جنہیں وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔
انہوں نے لکھا کہ اس دوران مجھے اپنے اندر ایسی مضبوطی کا احساس ہوا جس کے بارے میں مجھے پہلے معلوم نہیں تھا، جبکہ میرے شوہر ہر لمحے میرے ساتھ کھڑے رہے اور اس پورے سفر میں میرے شریک رہے اور پھر بالآخر ہم نے اس ننھی سی نعمت کو اپنی بانہوں میں تھام لیا جس کا ہمیں بے صبری سے انتظار تھا، اس ایک لمحے میں تمام تکلیفیں ماند پڑ گئیں، ہمارے دل محبت سے بھر گئے اور ہر مشکل قابلِ برداشت محسوس ہونے لگی، الحمدللّٰہ۔
واضح رہے کہ اداکار عمر شہزاد نے شانزے لودھی سے فروری 2025ء میں مدینہ منورہ کی مسجدِ نبوی ﷺ میں نکاح کیا تھا، ان کی نکاح کی تقریب اور شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔