مرزا اشتیاق بیگ نے شادی کیلئے کیسے منایا؟ کرن خان نے بتا دیا

میزبان کرن خان اور ان کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی معروف میزبان و اداکارہ کرن خان نے معروف کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے اپنی شادی کے حوالے سے تفصیلات شیئر کر دیں۔

کرن خان کا شمار پاکستان کی مقبول ٹی وی میزبانوں میں ہوتا ہے، اس کے علاوہ وہ مختلف ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے باعث بھی پہچان رکھتی ہیں۔

کچھ عرصہ قبل کرن خان نے معروف پاکستانی کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کر کے خبروں میں جگہ بنائی تھی، دونوں کا نکاح مسجد الحرام میں ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے ایک ساتھ عمرہ بھی ادا کیا تھا۔

حال ہی میں کرن خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی اور رشتے کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کرن خان نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ہماری ملاقات اس لیے ہوئی کیونکہ ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور اللّٰہ باخوبی جانتا ہے کہ ہمارے لیے کیا بہتر ہے، جس طرح یہ سب کچھ ہوا اور تمام معاملات جس آسانی سے طے پاتے گئے، اس کے بعد مجھے واقعی اس بات پر یقین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم پہلے سے ایک دوسرے کو جانتے تھے، کیونکہ میں ان کی فاؤنڈیشن کے لیے کام کر چکی ہوں لیکن میرا خیال ہے کہ انہیں اب اپنی زندگی میں کسی ساتھی کی ضرورت تھی جبکہ آپ جانتے ہیں کہ ابتداء میں میرا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمیں افسوس ہوتا ہے کہ ہماری ملاقات پہلے کیوں نہیں ہوئی، میرا خیال ہے کہ وہ بھی کسی کو اپنی زندگی میں شامل کرنے سے خوف زدہ تھے اور میرے دل میں بھی بالکل یہی خدشات تھے، میں طویل عرصے تک تنہا زندگی گزارتی رہی، لیکن اب احساس ہوتا ہے کہ ہم بہت سی خوشیوں سے محروم تھے، ایک دوسرے کے ساتھ رہنا اور زندگی کی چھوٹی چھوٹی باتیں بانٹنا بہت خوبصورت احساس ہے، دراصل یہ وقت کی ضرورت تھی۔

کرن خان نے بتایا کہ مرزا اشتیاق بیگ نے ہی سب سے پہلے مجھے شادی کی پیشکش کی تھی، ان کا خیال تھا کہ شاید میں وہ لڑکی ہوں جس کے ساتھ وہ اپنی باقی زندگی گزار سکتے ہیں، انہوں نے ہمارے تعلق کو غیر ضروری طور پر طول نہیں دیا بلکہ میرے خاندان سے ملاقات کی اور انتہائی سنجیدگی اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام معاملات وہیں طے کر لیے، میں نے بھی ان کے فیصلے سے اتفاق کیا اور چونکہ سب کچھ اتنی جلدی ہوا، اس لیے میں نے اسے اللّٰہ کی طرف سے ایک طے شدہ معاملہ سمجھ کر قبول کر لیا۔

ایک سوال پر کرن خان نے یہ بھی کہا کہ میرے لیے کبھی یہ اہمیت نہیں رکھتا تھا کہ گھر بڑا ہے یا چھوٹا، اصل اہمیت اس احساس کی ہے کہ آپ کے پاس ایک ایسا گھر ہو جہاں آپ خود کو حقیقی معنوں میں اپنا محسوس کریں، بے شک زندگی میں پیسہ اہم ہے، لیکن اس کے پیچھے بھاگنا درست نہیں، میں دولت کے پیچھے نہیں ہوں، کیونکہ میں پہلے ہی ایک اچھی زندگی گزار چکی ہوں، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگوں نے یہ کہہ کر مجھ پر تنقید کیوں کی کہ میں غربت سے امیری تک پہنچی ہوں، حالانکہ میں نے ہمیشہ محنت کی ہے اور اپنی روزی خود کمائی ہے۔