حنا پرویز بٹ کی حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت

رہنما مسلم لیگ ن حنا پرویز بٹ اور اداکارہ حنا الطاف — فائل فوٹو

پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دے دی۔

اداکارہ نے لندن میں سڑکوں پر چہل قدمی کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے کراچی واپسی کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ لندن میں آزاد گھومنے پھرنے کے بعد مجھے کراچی واپس جا کر ایک بار پھر ایسی زندگی گزارنا ہو گی جو خواتین کے لیے کسی ’جیل‘ سے کم نہیں۔

حنا الطاف نے کہا تھا کہ کراچی میں خواتین آزادانہ زندگی نہیں گزار سکتیں، یہاں تک کہ سڑکوں پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

اداکارہ کے اس بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خواتین کا تحفظ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور صوبے میں ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جہاں خواتین بلا خوف و خطر آزادانہ نقل و حرکت کر سکیں۔

حنا پرویز بٹ نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں خواتین لندن کے مقابلے میں زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں، شہر میں خواتین کو ہراسانی اور تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے حنا الطاف کو لاہور کا دورہ کرنے اور خواتین کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا خود مشاہدہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

حنا الطاف کے بیان اور حنا پرویز بٹ کے ردِعمل کے بعد سوشل میڈیا پر خواتین کی آزادی، عوامی مقامات پر تحفظ اور ہراسانی کے مسائل ایک بار پھر زیرِ بحث آ گئے۔