تشار کپور کو 5 کروڑ روپے بھتے کی فون کال موصول

اداکار تشار کپور  — فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار تشار کپور کو فون کر کے 5 کروڑ بھارتی روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر فون کال کرنے والے شخص نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ کا رکن ظاہر کیا ہے تاہم ممبئی کرائم برانچ کی ابتدائی تحقیقات میں کال کرنے والے شخص کی شناخت مشکوک پائی گئی ہے اور پولیس کو شبہ ہے کہ یہ دھمکی محض ایک ڈرامہ ہو سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تشار کپور نے فوری طور پر ممبئی پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد معاملہ اینٹی ایکسٹورشن سیل اور کرائم برانچ کے سپرد کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فون کرنے والے شخص نے اپنا تعارف ہیری باکسر کے نام سے کرایا، جسے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کا رکن بتایا جاتا ہے اور اداکار سے رقم کا مطالبہ کیا۔

تحقیقات کے سلسلے میں کرائم برانچ کی تکنیکی ٹیم نے دھمکی آمیز کال کی آڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا اور اسے اپنے ڈیٹا بیس میں موجود ہیری باکسر کے سرکاری آواز کے نمونوں سے ملایا۔

پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق دونوں آوازوں میں مطابقت نہیں پائی گئی، جس سے یہ شبہ مزید مضبوط ہوا کہ کال کرنے والے شخص نے اداکار کو خوف زدہ کرنے اور بھتہ وصول کرنے کے لیے لارنس بشنوئی گینگ کے ایک مبینہ رکن کا نام استعمال کیا۔

ممبئی کرائم برانچ اب کال کرنے والے شخص کی شناخت اور دھمکی آمیز رابطے کے اصل مقام کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تشار کپور نے تقریباً ایک ہفتہ قبل شکایت درج کرائی تھی، تاہم اب تک اس معاملے میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ تشار کپور کو دھمکی آمیز کال کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل اداکار ٹائیگر شروف کو بھی ممبئی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کی ذمے داری مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ افراد نے قبول کی تھی۔