پاکستانی اداکارہ فاطمہ آفندی نے اپنی خاندانی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ماں بننے کے بعد ڈپریشن (پوسٹ پارٹم ڈپریشن) سے گزرنے اور اس مشکل دور سے نکلنے میں ایمان اور اہلِ خانہ کے کردار سے متعلق جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں گود میں موجود ننھی بچی کو اللّٰہ تعالیٰ کی جانب سے عطاء کی گئی خوشیوں کی روشنی قرار دیا ہے۔
فاطمہ آفندی نے انکشاف کیا ہے کہ میں گزشتہ 6 ماہ سے شدید پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے باعث خود کو تنہا رکھے ہوئے تھی اور لوگوں سے میل جول سے گریز کر رہی تھی، تاہم میرے ایمان نے مجھے اس مشکل مرحلے سے نکلنے میں مدد دی۔
اداکارہ نے اپنے شوہر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ اس پورے سفر کے دوران انہوں نے میرا ساتھ دیا اور ہر مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کی۔
اللّٰہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وقت کے ساتھ میرے ایمان اور اللّٰہ تعالیٰ کی صفات کو سمجھنے کے انداز میں تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ کے صفاتی ناموں الودود، البر، اللطیف، الولی، الرحمٰن اور الرحیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ انسان کی خامیوں کے باوجود اسے قبول فرماتا ہے۔
اداکارہ نے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ نرمی، محبت اور حسنِ سلوک سے پیش آنے کی تلقین کی ہے۔
فاطمہ آفندی نے مداحوں سے اپنی بیٹی ازنیرا کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے۔