شمالی کوریا نے بائنانس سے 6.3 ارب ڈالرز کی چوری میں ملوث ہونے کے ایف بی آئی کے الزام کو مسترد کر دیا

—فائل فوٹو 

شمالی کوریا نے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس سے 6.3 ارب ڈالرز مالیت کے ڈیجیٹل اثاثوں کی ریکارڈ چوری میں ملوث ہونے کے امریکی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکمراں جماعت کی اہم رہنما اور سربراہ کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے کہا ہے کہ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کا شمالی کوریا پر سائبر حملے میں ملوث ہونے کا الزام مضحکہ خیز اور من گھڑت ہے۔

کم یو جونگ نے امریکی الزامات کو شمالی کوریا کے خلاف سنگین سیاسی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا عالمی سطح پر ہونے والے سائبر جرائم کا ذمے دار شمالی کوریا کو ٹھہرا کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایف بی آئی نے گزشتہ ہفتے بائنانس سے 6 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثوں کی چوری کا ذمے دار شمالی کوریا کو قرار دیا تھا۔ 

امریکی حکام کے مطابق اس واردات میں شمالی کوریا کے حمایت یافتہ ہیکنگ گروہ ملوث تھے۔

شمالی کوریا نے اپنے بیان میں سائبر جرائم میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر ہونے والی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

دوسری جانب عالمی تحقیقاتی ادارے اور بڑی کرپٹو کرنسی کمپنیاں چوری شدہ رقم سے منسلک ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی نگرانی اور رقوم منجمد کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ادھر بائنانس نے تاریخی نقصان پورا کرنے کے لیے اپنے ذخائر استعمال کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔