برطانوی شاہی خاندان سے منحرف شہزادہ ہیری کی اہلیہ، امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے برطانیہ واپسی کے لیے اپنی رہائش اور سیکیورٹی سے متعلق اہم شرائط رکھی تھیں۔
شاہی امور کے ماہر ٹام کوئن کے مطابق میگھن مارکل نے شہزادہ ہیری پر واضح کیا تھا کہ میں اسی صورت برطانیہ واپس آؤں گی جب مجھے شاہی خاندان سے الگ اپنی ذاتی رہائش اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ٹام کوئن نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ میگھن مارکل اپنے شوہر کے رشتے داروں کے ساتھ رہنے کے لیے کبھی تیار نہیں ہوں گی۔
ماہر کے مطابق، شہزادہ ہیری فروگمور کاٹیج سے بے دخلی پر شدید ناراض اور رنجیدہ تھے، انہیں محسوس ہوتا تھا کہ ان کے والد شاہ چارلس کو انہیں شاہی رہائش سے محروم کرنے کا کوئی حق نہیں تھا تاہم شاہی فرائض سے دستبرداری کے فیصلے کے نتیجے میں شاہی رہائش چھوڑنا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 2020ء میں شاہی خاندان کے فعال رکن کی حیثیت سے دستبرداری اختیار کی تھی اور اپنے بیٹے شہزادہ آرچی کے ساتھ برطانیہ چھوڑ دیا تھا۔
بعد ازاں جوڑے نے شاہی خاندان پر اپنے بیٹے کے ساتھ نسلی امتیاز برتنے کے الزامات بھی عائد کیے۔