کوئی پیسے نہیں لیے، بھلائی کا زمانہ ہی نہیں رہا، دیا مرزا کا ویڈیوز ہٹائے جانے پر ردعمل

بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دیوالی کے موقع پر آتش بازی سے متعلق آگاہی پیغام کی اپنی ویڈیو ہٹائے جانے پر ردعمل دے دیا۔

بی ایم سی نے آلودگی سے پاک دیوالی کے سلسلے میں اداکارہ دیا مرزا کا آتش بازی سے متعلق آگاہی ویڈیو پیغام اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہٹا دیا تھا۔

ویڈیو پیغام میں اداکارہ دیا مرزا نے شہریوں سے آتش بازی سے پرہیز کرنے اور بمبئی ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔ تاہم ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساتم کے اعتراض کے بعد بی ایم سی نے اس ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹا دیا۔

امیت ساتم نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں دیا مرزا سے یہ سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ دیوالی کیسے منائی جائے۔ ہماری روایات ہماری ثقافت میں گہری جڑی ہوئی ہیں۔

اس اعتراض کے چند ہی گھنٹوں کے اندر بی ایم سی انتظامیہ نے دیا مرزا کا ویڈیو پیغام اپنے تمام پلیٹ فارمز سے ڈیلیٹ کر دیا، جبکہ دیگر شخصیات جیسے مادھوری ڈکشت، اجنکیا رہانے کے ویڈیوز بحال رکھے گئے۔

اس تنازع کے بعد دیا مرزا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی پیسے نہیں لیے ہیں۔ بھلائی کا زمانہ ہی نہیں رہا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پیغام انہوں نے خود سے نہیں بلکہ میونسپل باڈی کی درخواست پر ریکارڈ کروایا تھا، جس کا مقصد صرف فضائی اور صوتی آلودگی کے حوالے سے عوامی بیداری پیدا کرنا تھا۔

ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے ویڈیو ہٹائے جانے کی حمایت کرتے ہوئے دیا مرزا پر الزام عائد کیا کہ وہ ہندوازم اور ہندوتوا کے خلاف ایک مخصوص ایجنڈا رکھتی ہیں۔