احتجاج معاملہ، بمبئی ہائی کورٹ کی عمران خان کو غیر مشروط معافی مانگنے کی ہدایت

فوٹو: سوشل  میڈیا

حکومت مخالف احتجاج میں شرکت کے معاملے میں بمبئی ہائی کورٹ نے اداکار عمران خان کو غیر مشروط معافی مانگنے کی ہدایت کردی۔ 

بالی ووڈ اداکار عمران خان کی جانب سے فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (FRRO) کے ’لِیو انڈیا نوٹس‘ کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر بمبئی ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران اداکار کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔ 

اگرچہ عدالت نے 7 دسمبر تک ان کی ملک بدری کے نوٹس پر عبوری اسٹے میں توسیع کر دی، لیکن ان پر واضح کیا ہے کہ وہ بھارت میں رہتے ہوئے کسی سیاسی یا عوامی احتجاج کا حصہ نہیں بن سکتے۔

اداکار نے عدالت کو بتایا کہ ان کا احتجاج کے منتظمین سے کوئی تعلق نہیں اور وہ ایک حلف نامہ جمع کروانے کو تیار ہیں، تاہم عدالت نے اسے رد کرتے ہوئے کہا کہ محض حلف نامہ کافی نہیں ہوگا، عمران خان کو عدالت میں غیر مشروط معافی نامہ جمع کروانا ہوگا۔

عدالت نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر کسی بھارتی شہری نے بیرونِ ملک جا کر ایسا کچھ کیا ہوتا تو اسے اگلی ہی فلائٹ سے واپس بھارت ڈی پورٹ کر دیا جاتا۔ آپ اتنے سالوں سے بھارت میں رہ رہے ہیں، پہلے کبھی کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیا، اب اچانک ایسا کیوں کیا؟

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ امریکا جائیں اور وہاں جا کر احتجاج کریں، وہاں ووٹ بھی ڈالیں، لیکن یہاں ایسی کسی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔