جیا مجھے لمبو جی کہہ کر پکارتی تھیں، میرے والد نے انھیں ایسا کرنے سے منع کیا، امیتابھ بچن

تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا جو ان کی جیا بچن سے شادی کے ابتدائی دنوں سے تعلق رکھتا ہے۔

انھوں نے انکشاف کیا کہ ان کے آنجہانی والد اور معروف شاعر ہری ونش رائے بچن نے ایک مرتبہ ان کی اہلیہ جیا بچن سے کہا تھا کہ وہ امیتابھ کو لمبو جی کہہ کر نہ پکارا کریں۔ 

جیا کئی برسوں سے محبت بھرے انداز میں انہیں اسی نام سے پکارتی تھیں۔ امیتابھ بچن اور جیا بچن کا شمار بالی ووڈ کے معروف ترین جوڑوں میں ہوتا ہے۔ 

84 سالہ امیتابھ بچن نے یہ دلچسپ واقعہ اپنے کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں اداکار رنبیر کپور کے ساتھ گفتگو کے دوران سنایا۔ 

جیا کی جانب سے انہیں مخاطب کرنے کے انداز کو یاد کرتے ہوئے امیتابھ نے بتایا کہ بالآخر ایک دن میرے والد نے جیا سے کہا کہ وہ انہیں یا تو ان کے نام سے پکاریں یا کوئی دوسرا انداز اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی سال تک وہ ہمیں لمبو جی بولا کرتی تھیں۔

یہ دلچسپ واقعہ بچن خاندان اور رنبیر کپور کے خاندان کے افراد کے قد کے فرق سے متعلق ایک خوشگوار گفتگو کے دوران سامنے آیا۔ رنبیر نے بھی بتایا کہ وہ اپنے ذہن میں اپنے اور امیتابھ، عالیہ بھٹ اور جیا بچن کے درمیان قد کے فرق کی ایک تصویر بنایا کرتے تھے۔ 

رنبیر کپور کا مزید کہنا تھا کہ میرے ذہن میں ہمیشہ یہ تصویر آتی تھی کہ میرا قد امیت جی جیسا کچھ لمبا ہے اور عالیہ کا قد جیا آنٹی جیسا کچھ چھوٹا ہے، تو تصویروں میں قد کا فرق بھی اچھا لگے گا۔ میں ہمیشہ یہی سوچتا تھا۔ اس موازنے پر محظوظ ہوتے ہوئے امیتابھ نے دلچسپ انداز میں جواب دیا، اوہو! قد میں بہت زیادہ فرق ہے۔ 

اس پر رنبیر نے فوراً گفتگو کا رخ بدلتے ہوئے پوچھا، سر، آپ دونوں کے درمیان قد کا فرق کتنا ہے؟ امیتابھ نے جواب دیا۔ میرا قد 6 فٹ 2 انچ ہے۔ جیا کے قد کے بارے میں انہوں نے کہا شاید 5 فٹ 3 یا 4 انچ ہے۔ اس پر رنبیر نے کہا تو میرا قد بھی تقریباً اسی کے آس پاس ہے۔ 

امیتابھ نے بتایا کہ والد کے منع کرنے کے بعد جیا نے مجھے میرے نام سے مخاطب کرنا شروع کیا۔ 

واضح رہے کہ امیتابھ اور جیا بہادری نے جون 1973 میں شادی کی۔